پاکستان

بیگم کلثوم نواز کی جاتی امراء میں نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی جاتی امرا میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جاتی امراء کے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

نماز جنازہ کے لیے جنازہ گاہ میں صفوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جب کہ لاؤڈ اسپیکر بھی نصب کردیا گیا ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے لاہور لائی گئی تو ایئرپورٹ پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور خاندان کے دیگر افراد نے میت وصول کی جس کے بعد اسے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا جہاں  نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا۔

میت کے ساتھ لندن سے نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات لاہور پہنچیں۔

کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔

یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے کینسر میں مبتلا تھیں اور اسی موذی مرض سے لڑتے لڑتے بدھ (11 ستمبر) کو لندن کے اسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملیں۔

تحریک انصاف کا دو رکنی وفد کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرے گا، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفد تشکیل دیا ہے جس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ کلثوم نواز کے انتقال پر سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پیرول پر رہا ہیں اور ان کی رہائی میں پیر کی سہ پہر 4 بجے تک توسیع کردی گئی ہے۔

پاکستان آمد سے قبل گزشتہ روز بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹس پارک مسجد میں ادا کی گئی تھی، جس میں اہلخانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چوہدری نثار سمیت کئی سیاسی رہنماؤں اور برطانوی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تھی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے لیے بیگم کلثوم نواز کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

کلثوم نواز کی زندگی کے نشیب و فراز پر ایک نظر

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ اور تین مرتبہ پاکستان کی خاتون اول رہنے والے کلثوم نواز 1950 کو پیدا ہوئیں، ان کا تعلق کشمیری گھرانے سے تھا اور گاما پہلوان کی نواسی تھیں۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم مدرسہ البنات سے حاصل کی اس کے بعد لیڈی گریفن اسکول سے میٹرک کیا، ایف ایس سی اسلامیہ کالج جب کہ بی ایس سی ایف سی کالج لاہور سے کی۔

آپ نے ایم اے پنجاب یو نیورسٹی سے کیا اور اسی دوران سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی منگنی ہوگئی۔

بیگم کلثوم نواز کے بھائی عبدالطیف کی شادی بھی شریف خاندان میں ہوئی اور یہی رشتہ داری اپریل 1971 میں نواز شریف سے ان کی شادی کا سبب بنی۔

کلثوم نواز کو عملی سیاست سے دلچسپی نہیں تھی اور وہ خاتون خانہ ہونے کو ترجیح دیتی رہیں۔

جنرل پرویز مشرف کے مارشل لاء کے بعد جب نواز شریف کو جیل جانا پڑا، تو ان کی رہائی کی مہم چلانے کے لئے کلثوم نواز سیاسی میدان میں سرگرم ہوئیں۔

22 جون 2000 میں انہیں مسلم لیگ ن کی قائم مقام صدر بنا دیا گیا اور وہ دو سال تک پارٹی کی صدارت کرتی رہیں۔

نواز شریف کی گرفتاری کے خلاف انہوں نے کاروان تحفظ پاکستان ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا، جس کی بناء پر انہیں 8 جولائی 2000 کو نظر بند کر دیا گیا۔

مگر بیگم کلثوم نواز چند لیگی کارکنوں کے ہمراہ جیل روڈ انڈر پاس پہنچ گئیں جہاں سے پولیس ان کی گاڑی کو کرین کے ذریعے جی او آر لے گئی اور وہاں انہیں گرفتار کیا گیا۔

مسلم لیگ نے نواز شریف کی نااہلی کے بعد بیگم کلثوم نواز کو ان کی خالی نشست این اے 120 سے ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ جاری کیا لیکن انتخابات سے قبل ہی 17 اگست 2017 میں بیماری کے باعث لندن منتقل ہوگئیں جس کے بعد ان کی انتخابی مہم ان کی بیٹی مریم نواز نے چلائی اور وہ کامیاب بھی ہوئیں۔

لندن میں ڈاکٹرز نے 22 اگست 2017 کو انہیں کیسنر کی تشخیص کی جس کے بعد ان کی متعدد سرجریز اور کیموتھراپیز ہوئیں۔ اس دوران کئی مرتبہ ان کی طبیعت سنبھل کر پھر خراب ہوئی اور 11 ستمبر کو وہ خالق حقیقی سے جاملیں۔

Source
جیو نیوز
Show More

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close
Close